راولپنڈی اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کی قیمت میں 400 روپے اضافے کے بعد شہر میں روٹی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں 14 روپے والی روٹی 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔
نانبائیوں کا کہنا ہے کہ آٹے، ایل پی جی اور دیگر ضروری اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق موجودہ قیمتوں میں کاروبار چلانا دشوار ہو چکا ہے۔
نانبائی رہنما آفتاب اسلم گل نے کہا کہ 20 روپے میں روٹی فروخت کرنا نانبائیوں کی مجبوری بن چکا ہے کیونکہ 14 روپے میں روٹی بیچ کر اخراجات پورے نہیں کیے جاسکتے۔
انہوں نے بتایا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے متعدد بار متعلقہ حکام کو درخواستیں دی گئیں، تاہم اس حوالے سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
آفتاب اسلم گل نے مطالبہ کیا کہ روٹی کی سرکاری قیمت 20 روپے مقرر کی جائے تاکہ نانبائیوں اور شہریوں دونوں کے لیے واضح اور قابلِ عمل پالیسی بنائی جاسکے۔