اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، پی این ایس سی کی تنظیمِ نو، جیمز اسٹون پالیسی کی منظوری

image

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کی گئی اہم سمریوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے وزیراعظم یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے NAVTTC کے ذریعے 3 ارب 91 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ اس رقم سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں دانش اسکولز کے قیام میں بھی معاونت کی جائے گی۔

ای سی سی نے وزارت داخلہ کی دو الگ سمریوں کی بھی منظوری دی، جن کے تحت وزیراعظم آفس کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 16 کروڑ روپے جبکہ فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کے ضلع خیبر میں واقع شاکس اسپتال کے آپریشنل اخراجات کے لیے 48 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت کی جانب سے وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لیے 1 ارب 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ پروگرام، جو پہلے صحت سہولت پروگرام کے نام سے جانا جاتا تھا، عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری رکھا جائے گا۔

ای سی سی نے 1989 کے جموں و کشمیر مہاجرین کے لیے ماہانہ گزارا الاؤنس 3 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے فی کس کرنے کی منظوری بھی دی، جس کا اطلاق یکم فروری 2026 سے ہوگا۔ اس مقصد کے لیے 57 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے۔

وزارت ریلوے کی سمری پر غور کرتے ہوئے کمیٹی نے وزیراعظم اسسٹنس پیکیج کے تحت واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی، جبکہ ریلوے ڈویژن کو پنشن واجبات کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے آپریشنل امور کے لیے بھی ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی تاکہ خوراک، زرعی اجناس اور لائیو اسٹاک سے متعلق ریگولیٹری نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جاسکے۔

ای سی سی نے اصولی طور پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کے 30 فیصد حصص فروخت کرنے اور انتظامی کنٹرول نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کو منتقل کرنے کی تجویز منظور کرلی۔

کمیٹی نے پاکستان جیم اسٹون پالیسی 2026-2030 کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد قیمتی پتھروں کے شعبے کو باقاعدہ بنانا، جدید کان کنی کو فروغ دینا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں علاقائی معاشی ترقی کو فروغ دینا شامل ہے۔

اجلاس میں مختلف وفاقی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US