”میں نے دل میں ایک ہی دعا بسائی ہوئی تھی کہ اگر حج نصیب ہو تو اپنی دونوں بہنوں کے ساتھ ہو۔ اسی خواہش کے تحت ہم تینوں کی درخواست ایک ساتھ جمع کروائی، مگر سچ پوچھیں تو یہ یقین نہیں تھا کہ ہمارا نام بھی نکل آئے گا۔ جب قرعہ اندازی کا نتیجہ سامنے آیا اور ہم تینوں بہنوں کا انتخاب ہوگیا تو ایسا لگا جیسے اللہ نے ہماری برسوں پرانی دعا قبول کر لی ہو۔ مجھے اکیلے سفر کا خوف بھی تھا، اسی لیے ہر نماز میں یہی دعا مانگتی تھی کہ یہ مقدس سفر ہم بہنیں ایک ساتھ طے کریں۔“
مصر کے ایک سادہ اور متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی تین بہنوں کی زندگی میں وہ لمحہ آ ہی گیا جس کا وہ برسوں سے انتظار کر رہی تھیں۔ قسمت نے ایسا خوبصورت موڑ لیا کہ تینوں بہنوں کے نام ایک ہی وقت میں حج قرعہ اندازی میں منتخب ہوگئے، اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا خواب حقیقت میں بدل گیا۔
چھوٹی بہن شیما عوض نے اپنی دونوں بہنوں کے ساتھ حج پر جانے کی نیت سے مشترکہ درخواست جمع کروائی تھی۔ اگرچہ دل میں امید موجود تھی، مگر حالات اور محدود وسائل کے باعث انہیں لگتا تھا شاید یہ خواہش ادھوری رہ جائے گی۔ لیکن جب نتائج کا اعلان ہوا تو خوشی سے ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
شیما عوض نے بتایا کہ ان کے شوہر دو سال پہلے حج ادا کر چکے تھے اور وہ اکثر انہیں نصیحت کرتے تھے کہ جوانی اور اچھی صحت میں یہ فرض ادا کر لینا چاہیے۔ یہی بات ان کے دل میں گھر کر گئی اور انہوں نے بہنوں کے ساتھ اس سفر کی خواہش باندھ لی۔
دوسری جانب بہن ہالہ عوض بھی اس غیر متوقع خوشی پر حیران رہ گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب درخواست جمع کروائی گئی تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ تینوں کے نام ایک ساتھ نکل آئیں گے۔ ان کے مطابق یہ محض اتفاق نہیں بلکہ اللہ کا خاص کرم اور دعاؤں کی قبولیت ہے۔ واضح رہے کہ یہ قرعہ اندازی گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں ہوئی تھی جس کے تحت یہ تینوں بہنیں اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گی۔
سوشل میڈیا پر بھی تین بہنوں کی یہ خوبصورت کہانی لوگوں کے دل جیت رہی ہے۔ کئی صارفین اسے ”قبول دعا“ اور ”بہنوں کی محبت کا انعام“ قرار دے رہے ہیں۔ بہت سے افراد کا کہنا ہے کہ جب نیت خالص ہو تو راستے خود بخود آسان ہوتے چلے جاتے ہیں۔