اے آئی کا ایک غلط مشورہ، 25 ایکڑ فصل تباہ، کسان کو بھاری نقصان

image

چین میں ایک 67 سالہ کسان نے دعویٰ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اسسٹنٹ کی جانب سے دیے گئے زرعی مشورے پر عمل کرنا اسے بھاری پڑ گیا اور اس کی 25 ایکڑ تل کی فصل راتوں رات تباہ ہوگئی۔

مقامی رپورٹس کے مطابق صوبہ آنہوئی کے شہر چوزہاؤ سے تعلق رکھنے والا کسان گزشتہ ایک سال سے فصلوں کی دیکھ بھال، کھاد اور زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے لیے اے آئی سے مشورے لیتا تھا۔ ابتدائی طور پر اسے ان مشوروں سے فائدہ بھی ہوا، جس کے باعث اس کا اعتماد مزید بڑھ گیا۔

کسان نے بعد ازاں تل کی فصل میں جڑی بوٹیوں اور کیڑوں پر قابو پانے کے لیے اے آئی سے علاج دریافت کیا اور اس کی تجویز کردہ کیمیائی دوا استعمال کرلی تاہم اس کے نتیجے میں فصل کے نومولود پودوں کی بڑی تعداد تباہ ہوگئی۔

زرعی ماہرین کے مطابق نقصان کی ممکنہ وجہ فلوفیناسیٹ نامی جڑی بوٹی مار دوا کا نامناسب استعمال ہے جو مخصوص حالات میں تل کی فصل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

واقعے نے زرعی سمیت حساس شعبوں میں اے آئی پر مکمل انحصار کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کے مشورے کو حتمی فیصلہ سمجھنے کے بجائے مستند زرعی ماہرین سے تصدیق کرنا ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US