سابق پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر کو باقاعدہ طور پر برطانیہ کی شہریت مل گئی ہے اور گزشتہ روز انہیں انگلینڈ کا پاسپورٹ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے وہ خود انگلینڈ میں ہی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد محمد عامر آج عید الاضحیٰ اپنی فیملی کے ساتھ منانے کے لیے پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔ برطانوی شہریت ملنے کے بعد اب محمد عامر جلد ہی انگلش کاؤنٹی سیزن میں ایک مقامی (لوکل) کھلاڑی کے طور پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔
دوسری جانب، اس نئی پیش رفت کے بعد محمد عامر اگلے سال ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن میں اب ایک پاکستانی کے بجائے بطور غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطانوی پاسپورٹ ہولڈر ہونے کی وجہ سے اگر انہیں مستقبل میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے کھیلنے کی کوئی آفر موصول ہوتی ہے، تو وہ اس حوالے سے بھی سنجیدگی سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔