ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ہیرو اور سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے، جبکہ ایونٹ کے لیے حتمی ٹیم کا انتخاب کرنے کے لیے ٹرائلز کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرو لیگ کے لیے پاکستان کے ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان عماد بٹ، منیب الرحمن، علی رضا، ابوبکر، سفیان خان، محمد عبداللہ، عبدالمنان، ارشد لیاقت، حماد انجم، معین شکیل، غضنفر علی، ذکریا، عماد مدی، رانا وحید، افراز خان، حنان شاہد، احمد ندیم، عدیل لطیف، عبدالرحمان، ابوذر، بشارت، ندیم خان اور وقار شامل ہیں۔
لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جاری ٹرائلز کا آج آخری روز ہے۔ ٹرائلز کے باقاعدہ اختتام پر پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کارکردگی اور فٹنس کی بنیاد پر 20 کھلاڑیوں پر مشتمل حتمی قومی ٹیم کا اعلان کرے گی۔ یہ منتخب کھلاڑی بین الاقوامی ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گے۔
تربیتی کیمپ کی انتظامیہ کے مطابق، حتمی اسکواڈ کی تشکیل کے بعد قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے 8 جون کو بیلجیئم روانہ ہوگی، جہاں وہ دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف میدان میں اترے گی۔