پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے آئرلینڈ ٹرائی سیریز اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے تربیتی کیمپ کا لاہور میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جہاں کھلاڑیوں نے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
کیمپ کے پہلے روز تمام کھلاڑیوں کے ٹیم کوچز کے ساتھ ون آن ون سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں مستقبل کی حکمتِ عملی اور انفرادی اہداف پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی، پہلے دن کھلاڑیوں کی مختلف تکنیکی صلاحیتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ان کی فٹنس ٹیسٹنگ بھی کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل اسٹاف نے کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کی فٹنس اور دیگر فزیکل پیرامیٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا، تاکہ میگا ایونٹس سے قبل کھلاڑیوں کی جسمانی حالت کو سو فیصد بہتر بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ انجری سے بچا جاسکے۔