وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے قازقستان کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی گوادر اور کراچی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دی۔ انہوں نے قازق وفد کو بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ اور ملٹی پرپز ٹرمینلز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کو خلیجی اور افریقی منڈیوں تک تیز ترین اور آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری سہولیات دینے کو تیار ہے۔
اس موقع پر قازقستان کی معروف کمپنی 'فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن' کے نمائندوں نے پاکستان کے سمندری اور پورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔