انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر قومی کرکٹر سلمان علی آغا کو سزا سنادی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سلمان علی آغا نے میچ کے دوران آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں اپنا بیٹ ایڈورٹائزنگ بورڈ پر مارا تھا، جو آئی سی سی کے لیول ون کوڈ آف کنڈکٹ کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ اس نامناسب رویے پر کارروائی کرتے ہوئے سلمان علی آغا کو بطور سزا ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
اس نئے ڈی میرٹ پوائنٹ کے اضافے کے بعد سلمان علی آغا کے گزشتہ 24 ماہ میں مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس سے قبل بھی رواں سال بنگلا دیش ہی کے خلاف کھیلے گئے ایک ون ڈے میچ میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے میچ ریفری کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا کو قبول کرلیا ہے، جس کے باعث اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔