پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے فی الحال اپنے عہدے سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور ذرائع کے مطابق ان کا کپتانی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
شان مسعود کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ انگلینڈ کے دورے تک قومی ٹیم کی قیادت کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے گزشتہ سال ہی چیئرمین پی سی بی سے انگلینڈ کے دورے تک کا وقت مانگا تھا۔ تاہم، کپتان موجودہ سیریز میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے شدید ناخوش ہیں اور خاص طور پر سینئر بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی پر انہوں نے گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شان مسعود خود اپنے طور پر استعفیٰ نہیں دیں گے اور اب اس معاملے پر حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی کرے گا۔ دوسری جانب پی سی بی بھی ابھی شان مسعود کو فوری طور پر کپتانی سے ہٹانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
قومی ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی حکام، کپتان شان مسعود اور سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ایک اہم ترین میٹنگ کریں گے، جس میں دونوں سینئر کھلاڑی ٹیسٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے اسباب پر مبنی تفصیلی رپورٹ بورڈ کو جمع کروائیں گے۔