کراچی کی سڑکوں پر روز ایک ایسا منظر دیکھنے کو ملتا ہے جو ہزاروں لوگوں کی آنکھیں نم کر دیتا ہے۔ ایک پاکستانی فوڈ پانڈا رائیڈر، جو دونوں ٹانگوں سے محروم ہے، پھر بھی ہمت نہیں ہاری۔ وہ اپنی مخصوص موٹرسائیکل پر بیٹھ کر لوگوں تک کھانا پہنچاتا ہے اور رزقِ حلال کمانے کیلیے دن رات محنت کرتا ہے۔
لوگ اکثر اسے سڑک کنارے اپنی بائیک سنبھالتے، آرڈر پک کرتے اور گرمی میں سفر کرتے دیکھتے ہیں، مگر اس کے چہرے پر کبھی مایوسی نہیں ہوتی۔ وہ خاموشی سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر انسان کے ارادے مضبوط ہوں تو کوئی معذوری اسے روک نہیں سکتی۔
اس محنتی نوجوان نے انسٹاگرام پر بھی اپنا ایک پیج بنا رکھا ہے جہاں وہ اپنی روزمرہ زندگی، ڈلیوری کے سفر اور مشکلات کی ویڈیوز شیئر کرتا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اب ہزاروں لوگ اس کی ویڈیوز دیکھتے ہیں، اسے دعائیں دیتے ہیں اور اس کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کئی صارفین کہتے ہیں کہ یہ شخص ہم سب کیلئے ایک سبق ہے، جس نے مشکل حالات میں بھی ہار نہیں مانی۔
سوشل میڈیا پر لوگ اس رائیڈر کو پاکستان کا اصل ہیرو قرار دے رہے ہیں۔