پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ، اسٹیٹ بینک کا یادگاری سکہ جاری

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔

حکومتِ پاکستان کی منظوری سے جاری ہونے والا یہ خصوصی سکہ 25 مئی 2026 سے اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے عام عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 21 مئی 1951 کو باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

گول شکل کے اس سکے کے کناروں پر خاص کٹاؤ (سریشن) بنائے گئے ہیں، جبکہ اس کا قطر 36.0 ملی میٹر اور وزن 19.0 گرام ہے۔ یہ سکہ تانبے اور نکل کے آمیزے (75 فیصد کاپر اور 25 فیصد نکل) سے تیار کیا گیا ہے۔

سکے کے سامنے والے حصے (رخ) کے درمیان میں ابھرتا ہوا ہلال اور پانچ کونوں والا ستارہ شمال مغرب کی سمت موجود ہے۔ ہلال اور ستارے کے اوپر دائرے میں اردو اسکرپٹ میں "اسلامی جمہوریہ پاکستان" لکھا گیا ہے، جبکہ نیچے گندم کی دو بالیاں بنی ہیں۔ ان بالیوں کے اوپر سکے کے اجراء کا سال 2026 درج ہے۔ ہلال اور ستارے کے دائیں جانب جلی حروف میں سکے کی مالیت کا ہندسہ "75" اور بائیں جانب اردو میں "روپیہ" تحریر ہے۔

سکے کے عقبی حصے پر انگریزی میں اوپر کی طرف "75TH ANNIVERSARY OF PAKISTAN AND CHINA DIPLOMATIC RELATIONS" اور نیچے کی جانب "TRUST FRIENDSHIP SUPPORT" کندہ ہے۔

سکے کے مرکز میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے قومی پرچم دکھائے گئے ہیں، جن کے اوپر اردو اور چینی زبانوں میں "پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال" لکھا گیا ہے۔ قومی پرچموں کے بالکل نیچے خوبصورت انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہندسہ "75" موجود ہے جس کے دائیں جانب "2026" اور بائیں جانب "1951" درج ہے۔ اس ڈیزائن کردہ ہندسے کے نیچے اردو اور چینی زبان میں "اعتماد۔دوستی۔معاونت" کے الفاظ تحریر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US