ہاکی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کے بجائے پرانے کھلاڑیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہے، چیف سلیکٹر

image

پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر سمیع اللہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک تین تربیتی سیشنز کیے ہیں جن میں بنیادی طور پر گول کیپرز کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ان کا مقصد ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کرنے کے بجائے پرانے کھلاڑیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے بتایا کہ دورے کے لیے بنیادی طور پر 20 کھلاڑیوں کی سلیکشن کی جائے گی، تاہم مجموعی طور پر 24 سے 25 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے جن میں سے 4 سے 5 کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی پر رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ منتخب کھلاڑیوں کی فہرست پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین وانی کو بھجوائی جائے گی اور اس پر حتمی فیصلہ وہی کریں گے۔ سمیع اللہ نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں، البتہ ان میں صرف کھیل کے دوران کوآرڈی نیشن کی کچھ کمی نظر آئی ہے جسے دور کر لیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم میں کوئی بڑی اکھڑ پچھاڑ نہیں کی جا رہی، بلکہ پرانے کھلاڑیوں کو زیادہ چھیڑے بغیر چند نئے اور اچھے کھلاڑیوں کو شامل کر کے انہیں بہتر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کوچ منظور الحسن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر میچ میں کھلاڑیوں کی انفرادی پرفارمنس کی رپورٹ سلیکشن کمیٹی کو بھیجیں تاکہ سینیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی مسلسل جانچا جا سکے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پرو لیگ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، تاہم ہمارا اصل اور بنیادی فوکس ایشین گیمز پر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US