پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن نے کہا ہے کہ پرو لیگ کے میچز ہمارے لیے ورلڈ کپ سے بھی زیادہ مشکل چیلنج ہیں، تاہم قومی ٹیم کا اصل ہدف ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کی تیاریاں ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس وقت بیلجیئم، اسپین اور بھارت کی ٹیمیں کافی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک بہترین کمبی نیشن تیار کیا جائے تاکہ ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاری جا سکے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمارے کھلاڑی عالمی رینکنگ کا بہت زیادہ اثر لیتے ہیں، لیکن اس دباؤ کے باوجود خوش آئند بات یہ ہے کہ اس وقت ٹیم میں 6 سے 7 ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی حریف کو پچھاڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
منظور الحسن نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کے کھلاڑیوں کو یہ بڑا ایڈوانٹیج حاصل ہوتا ہے کہ وہاں کے موسمی حالات اور کنڈیشنز ان کے کھیل کے لیے سازگار ہوتی ہیں۔ اسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ پاکستان کے کسی پرفضا اور ٹھنڈے مقام پر لگایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو وہاں کی کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنے میں مدد مل سکے۔