پاکستان کی معاشی و سفارتی کوششوں اور ایران امریکا ممکنہ ڈیل سے متعلق مثبت توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار تیزی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بحال ہوگیا۔
کاروباری دن کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 4 ہزار سے زائد پوائنٹس کی تیزی بھی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مارکیٹ میں زبردست خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
مارکیٹ نے ایک کے بعد ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 165000، 166000، 167000 اور 168000 پوائنٹس کی چاروں حدیں دوبارہ بحال کر لیں۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 3683 پوائنٹس اضافے کے بعد 168514 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں بینکنگ، فرٹیلائزر، انرجی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس کمپنیز کے شیئرز میں نمایاں خریداری دیکھی گئی، جس سے مجموعی کاروباری ماحول مثبت رہا۔