پاکستان اور کویت نے بحری امور اور توانائی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ پیشرفت کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری اور وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس میں میری ٹائم سیکٹر، انرجی سٹی منصوبوں اور بندرگاہی انفراسٹرکچر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اور پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ کویت کی شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایل پی جی، ایل این جی اور خام تیل ذخیرہ کرنے کے منصوبوں میں تعاون کا خیر مقدم کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں توانائی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ملاقات میں کویتی سفیر نے پاکستان کے بحری اور توانائی منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور دونوں ممالک نے میری ٹائم تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے کویتی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔