سوئس گھڑی ساز کمپنی سوواچ نے نئی لمیٹڈ ایڈیشن گھڑی کی فروخت کے دوران غیر معمولی رش اور سیکیورٹی خدشات کے باعث برطانیہ کے مختلف شہروں میں اپنے اسٹورز عارضی طور پر بند کر دیے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لندن میں صارفین اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹور نہیں کھولے جائیں گے۔ اس کے علاوہ برمنگھم، کارڈف، گلاسگو، لیورپول، مانچسٹر اور شیفیلڈ میں بھی برانچز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کارڈف میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا۔
سوواچ نے لگژری واچ میکر اودیمار پیگے کے اشتراک سے نئی رائل پاپ پاکٹ واچ کلیکشن متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کلیکشن میں آٹھ مختلف ماڈلز شامل ہیں جن کی قیمت 335 پاؤنڈ سے شروع ہوتی ہے۔
تاہم مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی یہ گھڑیاں آن لائن ری سیل ویب سائٹس پر 16 ہزار پاؤنڈ تک میں فروخت کے لیے پیش کی جانے لگیں جس کے بعد شائقین کی بڑی تعداد مختلف شہروں میں موجود اسٹورز کے باہر جمع ہوگئی۔
کمپنی نے بعد میں عوام سے اپیل کی کہ وہ گھڑی خریدنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹورز کا رخ نہ کریں کیونکہ انتظامیہ کو صارفین اور ملازمین دونوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی واضح کیا کہ رائل پاپ کلیکشن کئی ماہ تک دستیاب رہے گی اس لیے فوری خریداری کی ضرورت نہیں۔
کمپنی کے مطابق بعض ممالک اور خطوں میں اگر قطاروں میں 50 سے زیادہ افراد موجود ہوں تو فروخت عارضی طور پر روکی جا سکتی ہے۔
لیورپول کے لیورپول ون شاپنگ ایریا میں بعض افراد دو دن سے اسٹور کے باہر کیمپ لگائے بیٹھے تھے۔ مرسی سائیڈ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح اطلاع ملی کہ کچھ افراد دکان کے باہر جارحانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہجوم منتشر کر دیا۔
ادھر جنوبی ویلز پولیس نے بتایا کہ کارڈف کے سینٹ ڈیوڈز شاپنگ سینٹر میں تقریباً 300 افراد کے داخل ہونے کی کوشش کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ پولیس نے 25 سالہ شخص کو گرفتار کرکے شہر کے مرکز میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
یہ صورتحال صرف برطانیہ تک محدود نہیں رہی بلکہ نیویارک، ٹوکیو، دبئی اور سوئٹزرلینڈ کے شہر بیئل میں بھی شائقین کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ نیویارک میں بعض افراد ایک ہفتے سے کیمپ لگائے ہوئے تھے جبکہ اطلاعات کے مطابق انتظار کے دوران کچھ افراد کی طبیعت بھی خراب ہوگئی۔
دبئی مال میں ہونے والی لانچ تقریب بھی غیر معمولی رش کے باعث منسوخ کر دی گئی۔
کمپنی کے مطابق نئی گھڑیوں کا ڈیزائن 1950 اور 1960 کی دہائی کی پاپ آرٹ تحریک سے متاثر ہے جس میں جرات مندانہ رنگوں اور منفرد انداز کو جدید گھڑی سازی کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔ یہ کلیکشن رائل اوک کے جدید ڈیزائن اور 1980 کی دہائی کی پاپ لائن کی تخلیقی ساخت کا امتزاج قرار دی جا رہی ہے۔