پنجاب میں نیا اسپورٹس سٹی منصوبہ، دو سال میں تکمیل کا ہدف

image

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپورٹس سٹی منصوبے، سی ایم پنجاب یوتھ گیمز اور 18 اسپورٹس اکیڈیمیز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کا پہلا مریم نواز اسپورٹس سٹی تعمیر کیا جائے گا جو 477 کنال رقبے پر مشتمل ہوگا اور اسے دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیر کھیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کا انعقاد اسی سال کیا جائے گا جس میں 50 لاکھ سے زائد گرلز اور بوائز کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ مقابلے یونین کونسل سے لے کر ڈویژنل سطح تک منعقد ہوں گے جبکہ مدارس کے طلبہ بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 18 اسپورٹس اکیڈیمیز مفت قائم کی جائیں گی جہاں کھلاڑیوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ ان اکیڈیمیز میں 2000 سے زائد گرلز اور بوائز کھلاڑیوں کو مفت تربیت فراہم کی جائے گی اور انہیں کھیلوں کا سامان بھی مفت دیا جائے گا۔

وزیر کھیل نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح خصوصاً اولمپک گیمز تک پہنچیں جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اسکالرشپس بھی دی جائیں گی۔

اجلاس میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کے وائس چیئرمین سلمان ملک، سیکرٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی شریک تھے جہاں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US