پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی لائیو اسٹریمنگ صرف پی سی بی لائیو پر دستیاب ہوگی۔پاکستان کرکٹ ٹیم اور ٹیم آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین یہ سیریز مفت میں پی سی بی لائیو پر دیکھ سکیں گے جبکہ یہ پاکستان میں سیریز کی واحد لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہوگی۔
آئی فون صارفین ایپ اسٹور جبکہ اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے اسٹور سے پی سی بی لائیو ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ شائقین آنے والی سیریز کے لیے رجسٹریشن پورٹل پر رجسٹریشن بھی کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہونے والی پی سی بی او ٹی ٹی سروس ابتدا میں صرف برطانیہ میں دستیاب تھی۔ پاکستان اور زمبابوے ویمنز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان میں پی سی بی لائیو پر نشر ہونے والی پہلی ہوم سیریز تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف یہ پہلی مینز سیریز ہوگی جو اس پلیٹ فارم پر نشر کی جائے گی۔ شائقین پی سی بی لائیو پر پاکستان کے حالیہ میچز کی جھلکیاں اور ڈومیسٹک کرکٹ میچز بھی دیکھ سکتے ہیں۔