پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے تربیتی کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف حالیہ سیریز اچھی رہی ہے اور میگا ایونٹ سے پہلے تمام کھلاڑی متحرک ہوکر بھرپور تیاریاں کررہی ہیں۔ ٹیم میں نئی کھلاڑیوں کا انتخاب اچھا ہوا ہے اور انہوں نے کارکردگی بھی دکھائی ہے، جس سے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک بہترین کمبینیشن بن گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کوشش ٹاپ فور میں جگہ بنانا ہوگی اور وہ خود بھی ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرامید ہیں۔
عالیہ ریاض کا کہنا تھا کہ تنقید کھیل کا حصہ ہے اور اچھا نہ کھیلنے پر ایسا ہوتا ہے، لیکن وہ تنقید کو ہمیشہ ایک چیلنج کے طور پر لیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ میں اب کچھ آسان نہیں رہا، اسی لیے مائنڈ سیٹ تبدیل کیا گیا ہے اور کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کو بھرپور بیک کر رہا ہے۔ ٹیم کو یہ پلان دیا گیا ہے کہ سامنے بڑی ٹیمیں ہونے کی وجہ سے 12 اوورز میں 100 رنز اسکور کیے جائیں، چاہے اس کوشش میں وکٹیں ہی کیوں نہ گر جائیں۔ انڈیا کے خلاف میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایک مخصوص میچ کا ذکر نہیں کریں گی، انڈیا کا میچ بھی عام میچز کی طرح ہی ہے اور میچ کوئی بھی ہو دباؤ ضرور ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپ کے دوران پاور ہٹنگ پر خاص کام کیا گیا ہے اور سلیکشن بھی اسی بنیاد پر ہوئی ہے، امید ہے کہ تمام کھلاڑی توقعات پر پورا اتریں گی۔ عالیہ ریاض کے مطابق آئرلینڈ میں ہونے والی سہہ ملکی سیریز کا ٹیم کو بڑا فائدہ ہوگا کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین موقع ملے گا۔