پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ منفی زون میں بند ہو گئی۔کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1110 پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں 169,000 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوئی، تاہم بعد ازاں فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مثبت رجحان برقرار نہ رہ سکا۔
بروکرز کے مطابق عید کی طویل تعطیلات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں جس سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہی۔
کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 670 پوائنٹس کی کمی کے بعد 167,844 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ 168,000 پوائنٹس کی سطح بھی برقرار نہ رکھ سکی۔
اسٹاک تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار ایران اور امریکا کے ممکنہ معاہدے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جس کے باعث زیادہ تر سرمایہ کار سائیڈ لائن پر رہے۔