اسٹیٹ بینک نے سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکس کی وصولی کے لیے بینکوں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کی مخصوص برانچیں ہفتہ اور اتوار (23 اور 24 مئی) کو ٹیکس وصولی کے لیے کھلی رہیں گی تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر کیا گیا ہے جس کا مقصد سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی بروقت وصولی کو یقینی بنانا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق وہ تمام بینک شاخیں جو ہفتہ کو معمول کے مطابق کھلی رہتی ہیں وہ دونوں دن صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کھلی رہیں گی۔
بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 مئی کو اس وقت تک برانچیں کھلی رکھیں جب تک خصوصی کلیئرنگ کے لیے ضروری سہولت فراہم نہ ہو جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ بینک اس بات کو یقینی بنائیں کہ آن لائن ادائیگی کے تمام ذرائع بشمول انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بغیر کسی تعطل کے فعال رہیں تاکہ صارفین کو سہولت حاصل رہے۔