بنگلا دیش سے شکست کے بعد قومی ٹیم میں اختلافات، ہیڈ کوچ کھلاڑیوں پر برس پڑے

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد ڈریسنگ روم کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، جہاں ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو سخت پیغام دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ٹیم میٹنگ کے دوران ہیڈ کوچ نے ٹیم منیجر کی موجودگی میں کھلاڑیوں کو کھری کھری سنائیں اور واضح کیا کہ صرف انفرادی کارکردگی نہیں بلکہ ٹیم کے لیے کھیلنا بھی ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنا شروع کر دی، جہاں بیٹرز نے بولرز کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جبکہ بولرز نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کو ناکامی کی وجہ قرار دیا۔

ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو دو ٹوک انداز میں کہا کہ ماضی کی ناکامیوں کو بھلا کر اب ٹیم کو دوبارہ اوپر لے جانا ہوگا، جبکہ سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے تھا۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ کپتان شان مسعود اپنی خراب فارم کے باعث میٹنگ میں زیادہ متحرک نظر نہیں آئے جبکہ ہیڈ کوچ ان کی کپتانی کے بعض فیصلوں پر بھی ناخوش دکھائی دیے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سرفراز احمد مستقبل میں سلمان علی آغا کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے کے حامی ہیں اور اس حوالے سے جلد پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US