پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ کی 75ویں قسط میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ پر مسلسل کام جاری ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ہدف آئندہ ڈیڑھ سال میں ایک مضبوط اور بہترین ممکنہ ون ڈے ٹیم تیار کرنا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ وائٹ بال کیمپ نے نئے ٹیلنٹ کو جانچنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں صلاحیت موجود ہے، تاہم انہیں مزید وقت اور محنت کی ضرورت ہے، اور ان پر صبر کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق خود کو ڈھال سکیں۔
ہیڈ کوچ کے مطابق پاکستان کو ون ڈے کرکٹ میں مڈل اوورز میں زیادہ مؤثر بیٹنگ کی ضرورت ہے جبکہ پاور پلے میں وکٹیں حاصل کرنے اور بولنگ میں تسلسل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ فٹنس میں بہتری سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ایک مضبوط حریف ہے، اس لیے شائقین کو ٹیم اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پاکستانی شائقین کا جوش و جذبہ ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہی حمایت کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دینے میں مدد دیتی ہے۔