برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ کے خلاف ایک واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی جو مئی میں شیڈول کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ ٹیسٹ میچ ممکنہ طور پر آئی پی ایل کے دوران کھیلا جائے گا، جس کی وجہ سے انگلش کھلاڑیوں کی دستیابی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعدد انگلش کھلاڑی پہلے ہی آئی پی ایل کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ سے وقفہ لے چکے ہیں، جس سے ٹیم کے انتخاب پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے اس ٹیسٹ میچ کو آئندہ ایشز سیریز سے قبل ایک وارم اپ مقابلے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے 2027 میں وائٹ بال سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہےجبکہ دونوں ٹیموں کے مستقبل کے شیڈول میں مزید سیریز بھی شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کا بین الاقوامی شیڈول اولمپکس گیمز کے ساتھ بھی ٹکرا رہا ہے جس کے باعث بعض اہم کھلاڑیوں کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔
اولمپکس 14 جولائی سے 30 جولائی تک شیڈول ہیں، جس دوران انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ممکنہ ٹیسٹ سیریز بھی زیر غور ہے، جبکہ سمر 2028 میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی متوقع ہے۔