پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے آئندہ چیلنجز کے لیے جاری تیاریوں اور ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کا کہنا ہے کہ کیمپ کے دوران ویمن ٹیم کی ہائی کیچنگ اور ڈائریکٹ ہٹنگ کو بہتر بنانے پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لڑکیاں ایک یونٹ ہو کر محنت کر رہی ہیں اور سپورٹ اسٹاف کی اس کاوش کے بعد وہ مستقبل میں اچھی پرفارمنس دیں گی۔
آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے بتایا کہ زمبابوے کے خلاف حالیہ سیریز بہت اچھی رہی۔ کیمپ کا مقصد زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو میچ پریکٹس فراہم کرنا ہے کیونکہ آگے ٹرائینگلر سیریز اور ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹس آ رہے ہیں، جس کے لیے یہ پریکٹس انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپن اور فاسٹ بالنگ کوچز کی بولرز کے ساتھ محنت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
قومی کھلاڑی نتالیہ پرویز نے ٹیم کے بدلے ہوئے انداز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری باڈی لینگویج بہت اچھی ہوچکی ہے۔ اب کھلاڑیوں کے دل سے یہ ڈر نکل گیا ہے کہ وہ 100 رنز سے پہلے آؤٹ ہوں گی یا بعد میں، بلکہ سب کھل کر کرکٹ کھیل رہی ہیں۔
میسج کوچ عمران فرحت کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی ڈر اور خوف کے کھیلیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں لڑکیوں کو پاور پلے، مڈل اوورز اور ڈیتھ اوورز (اختتام) میں بیٹنگ کرنے کی حکمت عملی سکھائی جا رہی ہے اور دورے کے دوران بھی اس رہنمائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اسسٹنٹ کوچ عمید آصف نے لڑکیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی پرفارمنس کو بہت بہتر بنایا ہے اور امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں بھی اچھا کھیل پیش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ جب ٹیم آئرلینڈ سیریز اور ورلڈ کپ کھیلنے جائے تو انہیں یہ نہ لگے کہ وہ اچانک میچ کھیلنے میدان میں آ گئی ہیں، بلکہ وہ پہلے سے مکمل تیار ہوں۔