پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ملک میں ریڈ بال (ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس) کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں کی مہارت کو نکھارنے کے لیے اہم تجاویز پیش کی ہیں۔
شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں اس فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پرکشش اور مالی طور پر مستحکم ریڈ بال سینٹرل کنٹریکٹس دینے ہوں گے۔ طویل فارمیٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی وابستگی کو مضبوط بنانے اور ان کا رجحان اس طرف برقرار رکھنے کے لیے یہ ایک بہترین ترغیب ثابت ہوسکتی ہے۔
سابق کپتان نے تجویز دی کہ ان پرکشش کنٹریکٹس کے بدلے کھلاڑیوں پر یہ شرط عائد کی جائے کہ وہ ہر سیزن میں کم از کم 5 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں گے۔ اس اقدام سے کھلاڑی اپنے نیچرل اسٹائل (فطری انداز) سے کھیلنے کی صلاحیت بدلنے یا محض ٹی ٹوئنٹی فرنچائز کرکٹ کے پیچھے بھاگنے کی غلطی نہیں کریں گے۔
شعیب ملک نے کھلاڑیوں کی تیکنیک پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ بین الاقوامی سطح پر ادھوری مہارت کبھی نہیں چلتی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اس وقت ایسے پُرعزم کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو طویل فارمیٹ کی سختیوں اور ہر طرح کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل تیار ہوں۔