آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کے بعد کراچی اور سندھ میں بھی فوری بحالی کا مطالبہ کردیا۔ اس حوالے سے ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط ارسال کر دیا ہے۔
سندھ زون کے کوآرڈینیٹر سمیر نجم الحسن کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ تین ماہ سے سی این جی اسٹیشنز بند ہونے کے باعث عوام اور مزدور شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ مہنگے پٹرول نے شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے سی این جی اسٹیشنز کی یومیہ گیس کھپت صرف تین ایم ایم سی ایف ڈی ہے جسے ایس ایس جی سی باآسانی مینج کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق اسٹریٹ آف ہرمز اور قطر سے آر ایل این جی سپلائی بھی بحال ہو چکی ہے اس لیے عیدالاضحیٰ سے قبل سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھولے جائیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کی تعداد 300 سے کم ہو کر صرف 30 رہ گئی ہے جبکہ ایس ایس جی سی کی پالیسی کے باعث ہزاروں مزدور بے روزگاری کے خطرے سے دوچار ہیں۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نےاپیل کی ہے کہ عید سے قبل کراچی اور سندھ میں سی این جی اسٹیشنز بحال کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔