چین میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے مثانے سے حیران کن حد تک بڑی پتھری نکال کر طبی دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ پتھری تقریباً 1.3 کلوگرام وزنی تھی جس نے مریض کے مثانے کا بیشتر حصہ گھیر رکھا تھا۔
چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے علاقے لانگ تانگ سے تعلق رکھنے والے ایک کسان کو گزشتہ تین برس سے پیشاب میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔ حالت یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ اسے رفع حاجت کے لیے بار بار اپنی جسمانی پوزیشن تبدیل کرنا پڑتی جبکہ بعض اوقات تکلیف ناقابلِ برداشت ہو جاتی اور شدید درد بھی محسوس ہوتا۔
ابتدائی طور پر مریض نے ان علامات کو عام پروسٹیٹ مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کیا۔ کھیتوں کے کام میں مصروف رہنے کی وجہ سے وہ اسپتال جانے سے گریز کرتا رہا اور صرف دواؤں کے ذریعے درد کم کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ تاہم وقت کے ساتھ اس کی طبی حالت مزید خراب ہوتی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وہ شخص گھر سے دور جانے سے بھی خوفزدہ رہنے لگا کیونکہ اچانک پیشاب کی حاجت اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ رات کے وقت بھی اسے کئی مرتبہ اٹھنا پڑتا جس سے اس کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہونے لگی۔
بالآخر اہلِ خانہ کے اصرار پر جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو معائنے میں انکشاف ہوا کہ اس کے مثانے میں غیر معمولی جسامت کی پتھری موجود ہے جس کے باعث پیشاب کی نالی تقریباً بند ہو چکی تھی۔
یورولوجی شعبے کے ڈپٹی چیف فزیشن لِن یوان کے مطابق پتھری تقریباً 10 سینٹی میٹر چوڑی، 13 سینٹی میٹر لمبی اور وزن میں 1.3 کلوگرام تھی۔ ایکسرے میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ پتھری نے مثانے کی زیادہ تر جگہ پر قبضہ جما رکھا تھا۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت علاج نہ کیا جاتا تو مسلسل دباؤ مریض کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔