رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک ملک نے 455 ارب 73 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 30.29 فیصد زیادہ ہیں۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات 349 ارب 77 کروڑ روپے رہی تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2026 میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونز کی درآمدات میں 40.71 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بھی اپریل میں درآمدات 18.70 فیصد بڑھ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں پاکستان نے 49 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے جبکہ مارچ 2026 میں یہ حجم 41 ارب 63 کروڑ روپے تھا۔
ماہرین کے مطابق ملک میں اسمارٹ فونز کی بڑھتی طلب اور نئے ماڈلز کی درآمدات میں اضافے کے باعث درآمدی بل میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔