اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کی آمد اور ڈیوٹی و ٹیکس ادائیگیوں کے تناظر میں کمرشل بینکوں کے اوقات کار سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جمعہ 29 مئی کو ملک بھر کے کمرشل بینک مکمل ورکنگ ڈے کے طور پر کھلے رہیں گے اور اس دن ہاف ڈے نہیں ہوگا۔ تمام بینک برانچیں صبح 9 بجے سے شام 5:30 بجے تک معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔
اسی طرح ہفتہ 30 مئی کو کھلنے والی بینک برانچیں بھی صبح 9 بجے سے شام 5:30 بجے تک فعال رہیں گی۔ اس فیصلے کا اطلاق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس اور مالیاتی لین دین میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
اسٹیٹ بینک نے ہدایت کی ہے کہ عید کے دوران اور تعطیلات میں تمام بینک اپنے اے ٹی ایمز کو مکمل طور پر فعال رکھیں تاکہ عوام کو رقوم کے حصول میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
مزید کہا گیا ہے کہ بینک اپنی انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایم اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی آن لائن ادائیگی کی سہولت بلا تعطل فراہم کریں۔
اعلامیے کے مطابق 30 مئی کو متعلقہ بینک برانچیں اس وقت تک کھلی رہیں گی جب تک نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل ٹرانزیکشن (NIFT) کو سرکاری لین دین کے لیے خصوصی کلیئرنگ میں سہولت درکار ہوگی۔