امریکا کی جانب سے انکار کے بعد ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوران میکسیکو میں رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کے مطابق حکومت نے ایرانی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوران میکسیکو میں قیام کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ ٹیم کے سفری اور لاجسٹک مسائل کو کم کیا جا سکے۔
ایران فٹبال فیڈریشن کے سربراہ نے بتایا کہ ٹیم کا ابتدائی قیام اب امریکی ریاست ایریزونا کے بجائے میکسیکو کے سرحدی شہر تیجوانا میں ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق ایران کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جی میں شامل ہے اور اپنے گروپ میچز سیٹل اور لاس اینجلس میں کھیلے گی۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جنگ بندی کے تناظر میں ورلڈ کپ سے قبل تہران میں قومی ٹیم کے لیے ایک شاندار الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔
تقریب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خود شرکت کی اور انقلاب اسکوائر میں ٹیم کو الوداع کہا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی گئی اور ٹیم کی نئی جرسی کی رونمائی ہوئی۔
صدر کو ٹیم کی نمبر 12 جرسی پیش کی گئی، جس پر انہیں ٹیم کا "بارھواں کھلاڑی" قرار دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ایران کے فخر اور اتحاد کی علامت بن کر میدان میں اترے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔