جاپانی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا نے ایک بار پھر فرانسیسی اوپن میں اپنے منفرد فیشن اور شاندار انداز سے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
چار مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والی اوساکا کورٹ سوزین لینگلین میں سیاہ اور سنہری لباس پہن کر داخل ہوئیں، جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔
ان کے لباس میں سیاہ کورسیٹ اور لمبی پلیٹڈ اسکرٹ شامل تھی جبکہ اندر سنہری چمکدار ٹینس ڈریس موجود تھا جو پیرس کی دھوپ میں نمایاں دکھائی دے رہا تھا۔
ناؤمی اوساکا نے اپنے انداز کو رات میں جگمگاتے ایفل ٹاور سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اسی طرح محسوس کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں ڈر تھا کہیں لباس کی چمک کی وجہ سے امپائر انہیں کورٹ سے باہر نہ بھیج دیں۔
فیشن کے ساتھ ساتھ اوساکا نے کھیل میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور جرمنی کی لورا سیگمنڈ کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔