عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آنے کا امکان ہے، جہاں آئندہ جائزے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں تقریباً 31 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت بھی 8 روپے 54 پیسے کم ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 277 روپے 6 پیسے سے کم ہو کر 268 روپے 52 پیسے فی لیٹر تک آگئی ہے۔ تاہم پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 2 روپے 86 پیسے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد کسٹم ڈیوٹی 22 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 25 روپے 61 پیسے ہوگئی۔
دوسری جانب پیٹرول پر پریمیم فی بیرل میں 2.90 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 17.44 ڈالر سے بڑھ کر 20.34 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ اس کے باوجود عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت 144.57 ڈالر سے کم ہو کر 138.08 ڈالر رہی۔
اسی طرح ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 322 روپے 28 پیسے سے کم ہو کر 291 روپے 37 پیسے فی لیٹر تک آگئی جبکہ ڈیزل کی عالمی قیمت میں 17 ڈالر 61 سینٹ فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 169.1 ڈالر سے کم ہو کر 151.40 ڈالر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔ وزیراعظم معاشی ٹیم سے مشاورت اور ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کی منظوری دیں گے۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی اور مارجن کی شرح میں اضافہ نہیں کرتی تو عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح ریلیف مل سکتا ہے۔