برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے دوستانہ میچز سے باہر ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس انجری کے باعث نیمار کو مکمل صحت یابی میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد ان کی ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔
34 سالہ نیمار کو یہ انجری 17 مئی کو سینٹوس کی کوریتیبا کے خلاف 3-0 کی شکست کے دوران ہوئی۔ اگلے ہی روز برازیل کے نئے کوچ نے انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا تھا، جس پر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا۔
کوچ کارلو اینسیلوٹی کا کہنا ہے کہ نیمار کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں ان کی جسمانی حالت میں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق نیمار ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کا کردار نہایت اہم ہوگا۔
برازیل ٹیم کے ڈاکٹر روڈریگو لاسمار نے انجری کی تصدیق کی ہے، جبکہ مڈفیلڈر کاسیمیرو نے بھی نیمار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ برازیل گروپ سی میں شامل ہے اور اسے 13 جون کو مراکش، 19 جون کو ہیٹی اور 24 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔