دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں سپر اسٹار لیونل میسی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔میسی اس ٹورنامنٹ میں بطور کپتان ٹیم کی قیادت کریں گے اور یہ ان کے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا۔
39 سالہ میسی نے 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو شاندار فتح دلاتے ہوئے تیسرا عالمی ٹائٹل جتوایا تھا۔ اب وہ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جو چھ مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گے جس میں رونالڈو بھی شامل ہیں۔
کوچ لیونل اسکیلونی نے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن اسکواڈ منتخب کیا ہے جس میں ایمیلیانو مارٹینیز، لیسانڈرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو، الیکسس میک الیسٹر اور اینزو فرنینڈیز شامل ہیں۔
میسی اب تک ارجنٹینا کے لیے 198 میچز کھیل چکے ہیں اور آئندہ دوستانہ میچز کے بعد وہ 200 انٹرنیشنل میچز مکمل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا گروپ جے میں شامل ہے اور اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز الجزائر کے خلاف کرے گا جبکہ دیگر میچز آسٹریا اور اردن کے خلاف ہوں گے۔