پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے ہوگا

image

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہو رہا ہے۔

سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز تاریخی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ پاکستان اپنے ایک ہزارویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے، جس میں شاہین شاہ آفریدی پاکستان ٹیم کی اور جوش انگلس آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔

ریکارڈ کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں، تاہم پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی آخری دو ون ڈے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلی بار ملک میں “PCB Live” کے ذریعے میچز کی لائیو اسٹریمنگ کرے گا، جبکہ شائقین پی ٹی وی اسپورٹس پر بھی میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔ اس سیریز کے کمنٹری پینل میں عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور گریگ بلیوٹ شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ہمارے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور ان کے خلاف مقابلے ہمیشہ سخت ہوتے ہیں، لیکن کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور سب جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ گزشتہ دو ون ڈے سیریز میں کامیابی کی وجہ سے ٹیم کا اعتماد بلند ہے اور راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی سپورٹ ہمیشہ کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہوتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US