قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو قومی فاسٹ بولرز کی حالیہ کارکردگی کے دفاع پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی تیز گیند بازوں کی رفتار اور کارکردگی میں کمی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جانے چاہئیں، جبکہ دنیا کے دیگر فاسٹ بولرز مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باوجود اپنی رفتار اور معیار برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
سلمان بٹ کے مطابق مسائل کا سامنا کرنے کے بجائے ان کے لیے جواز تلاش کرنا مایوس کن رویہ ہے جبکہ پاکستانی فاسٹ بولرز کی رفتار میں کمی تشویش کا باعث بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کے بولرز کو کارکردگی اور فٹنس کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔