عید تعطیلات کے بعد فری مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا رجحان رک گیا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد امریکی کرنسی 279 روپے 61 پیسے تک پہنچ گئی۔
ایسوسی ایشن آف ایکسچینج کمپنیز کے مطابق ہفتہ کے روز انٹر بینک مارکیٹ بند ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیاں محدود رہیں۔ جمعہ کے روز انٹر بینک میں ڈالر ایک پیسہ کمی کے بعد 278 روپے 50 پیسے پر بند ہوا تھا۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پیر سے انٹر بینک مارکیٹ کھلنے کے بعد فری مارکیٹ میں صورتحال معمول پر آنے کا امکان ہے، تاہم طلب میں اضافے کے باعث مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔