لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں کل فن رن کا اہتمام کیا جائے گا، عارف سعید

image

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر عارف سعید اور ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کے آفیشل مہمانوں نے ایشین گیمز فن رن کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایشین گیمز کے آفیشل 'سکائی' نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکاچی ناگویا ایشین گیمز تاریخی اور یاد گار ہوں گی، اور یہ ایشیا کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان گیمز میں پاکستانی اتھلیٹس اچھا پرفارم کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں پی او اے حکام اور لاہوریوں نے جو محبت دی وہ ہمیشہ یاد رہے گی۔

صدر پی او اے عارف سعید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کی میزبانی پر خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایشین گیمز کے حوالے سے پینٹنگ مقابلوں میں ہمارے بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اور کل لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں فن رن کا اہتمام کیا جائے گا۔ عارف سعید کا کہنا تھا کہ کرکٹ، ہاکی، کبڈی اور دیگر کھیلوں نے پاکستان کو دنیا میں پہچان دی ہے، تاہم ہمیں کھیلوں میں آگے بڑھنے کے لیے پاتھ وے اور یوتھ ڈیولپمنٹ پر کام کرنا ہوگا۔

کھیلوں کی تنظیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی او اے نے کہا کہ میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ تمام نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز، اسپورٹس بورڈز اور پی او اے کو ایک جگہ ہونا چاہیے، لیکن کوشش کے باوجود ہم ابھی تک ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے نہیں ہوسکے۔ انہوں نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نئی اسپورٹس پالیسی میں پی او اے اور فیڈریشنز سے تجاویز مانگی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کو مل کر ایک لائحہ عمل اور طریقہ کار طے کرنا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری پی او اے خالد محمود نے بتایا کہ اب تک 23 اسپورٹس فیڈریشنز نے ایشین گیمز کے لیے ہم سے رابطہ کیا ہے اور امید ہے کہ 200 سے زائد اتھلیٹس ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

پی او اے کلچرل اینڈ ہیریٹیج کمیٹی کے سربراہ کیپٹن (ر) محمد محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یوتھ گیمز پاکستان کھیلوں کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس پر پورا پلان بنا لیا گیا ہے۔ انہوں نے پینٹنگز کے حوالے سے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشین گیمز کے سلسلے میں بچوں نے بہت شاندار پینٹنگز بنائی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US