صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس دھوبی گھاٹ، مری کا دورہ کیا اور وہاں موجود کھیلوں کی تمام سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر کھیل نے انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام خراب اور غیر فعال لائٹس کی فوری مرمت اور بحالی کا حکم دیا۔ انہوں نے باسکٹ بال کورٹ کے خراب رنگ اور سوئمنگ پول کے متاثرہ شیشے کو بھی فوری طور پر ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تماشائیوں کے لیے شیڈز، پریکٹس کرکٹ پچز اور جی آئی فینسنگ کی فراہمی کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کیں اور راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں کے لیے فیس اسٹرکچر اور عملے کی ضروریات پر تجاویز طلب کرلیں۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے، اور حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسپورٹس کمپلیکسز کو مرحلہ وار خود کفیل اور پائیدار آپریشنل ماڈل پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ کھیلوں کی سہولیات کی مستقل دیکھ بھال اور بہتری کے لیے ایک مؤثر نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تحصیل اسپورٹس آفیسر مری کی تعیناتی فوری طور پر عمل میں لائی جائے گی۔