پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس نے اسلام آباد میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان آٹھویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جن میں تجارت و سرمایہ کاری، سیکیورٹی تعاون، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات، ہجرت سے متعلق امور اور کثیرالجہتی تعاون شامل تھے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ مفادات کے فروغ اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران کایا کالاس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور یورپی یونین نے آئندہ سال برسلز میں پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا نواں اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US