ای ایس پی این کرک انفو کے ماہرین اور سابق کرکٹرز پر مشتمل خصوصی جیوری نے 21ویں صدی (2000 تا 2025) کے عظیم ترین بین الاقوامی مرد کرکٹرز کا انتخاب کر لیا ہے۔
جیوری کے فیصلے کے مطابق جنوبی افریقا کے جیک کیلس کو صدی کا بہترین آل راؤنڈر، بھارت کے سچن ٹنڈولکر کو بہترین بلے باز جبکہ سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن کو بہترین بولر قرار دیا گیا ہے۔
خواتین کرکٹ میں آسٹریلیا کی ایلس پیری کو 21ویں صدی کی عظیم ترین بین الاقوامی کرکٹر کا اعزاز دیا گیا۔
25 رکنی جیوری میں وسیم اکرم، گریگ چیپل، فاف ڈو پلیسی، میتھیو ہیڈن، اینجلو میتھیوز، اوئن مورگن، روی شاستری، ڈینیئل ویٹوری اور شین واٹسن سمیت کئی عالمی کرکٹ شخصیات شامل تھیں۔
جیوری کے مطابق سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ تاریخ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ ٹیسٹ و ون ڈے دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
جیک کیلس نے اپنے کیریئر میں 13 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز اور تقریباً 300 وکٹیں حاصل کیں جبکہ متھیا مرلی دھرن نے 800 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ شاندار کیریئر مکمل کیا۔
فہرست میں ویرات کوہلی، رکی پونٹنگ، اے بی ڈی ویلیئرز، کمار سنگاکارا، ڈیل اسٹین، جو روٹ، اسٹیو اسمتھ، ایم ایس دھونی، جسپریت بمرا اور دیگر نام بھی شامل ہیں۔