سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جون میں ہونے والے اسپورٹس پروگرامز اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ایڈیشنل سیکریٹری اسپورٹس شبیر حسین چیمہ، ڈائریکٹر اسپورٹس چاند پروین، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کے تمام افسران نے شرکت کی۔
سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے افسران کو ہدایت کی کہ 30 جون سے پہلے اسپورٹس کی تمام ترقیاتی اسکیموں کو لازمی مکمل کیا جائے اور چیف منسٹر پنجاب اسکولز گیمز کی تیاریوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر سوموار کو اسکولز گیمز اور اسپورٹس پروگرامز کی پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ فضل الرحمن نے بتایا کہ اسپورٹس اسکیموں میں حائل رکاوٹوں کو حل کیا جا رہا ہے اور وہ خود پنجاب کے تمام اضلاع میں اسپورٹس اسکیموں اور اسٹیڈیمز کا جائزہ لے رہے ہیں، جس کے تحت انہوں نے حال ہی میں سیالکوٹ، ڈسکہ اور گجرات کے اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ بھی کیا ہے جبکہ دیگر اضلاع کے اسپورٹس کمپلیکس کا مرحلہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں ایچ آر (HR) کے مسائل کو بھی جلد حل کیا جائے گا۔ فضل الرحمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 2026 کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے، اس لیے ہمارا اصل فوکس نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے نوجوانوں کے لیے ایک سالانہ اسپورٹس کیلنڈر ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر ماہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔