انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے وقت کو کم کرنے کے لیے ایک اہم آزمائشی اقدام کی منظوری دے دی ہے۔
فیصلے کے مطابق ایسے ٹیسٹ میچز جن میں خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو وہاں میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کی رضامندی سے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔ یہ فیصلہ احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں منظور کیا گیا۔
واضح رہے کہ گلابی گیند اب تک صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال کی جاتی رہی ہے تاہم نئے اقدام کا مقصد فلڈ لائٹس کے دوران کھیل کو جاری رکھنا اور خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے اوورز میں کمی لانا ہے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے مشاورت کی اجازت بھی دے دی ہے۔
مزید فیصلوں کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ لیگ سائیڈ وائیڈ گیندوں سے متعلق فیصلوں کے لیے گائیڈ لائنز کو مستقل قانون کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے مشکوک باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔