پیٹرول ڈیزل کی ریکارڈ قیمتیں، عوامی اور صنعتی استعمال میں بڑی کمی

image

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی ریکارڈ قیمتوں کے باعث مئی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 72 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت کی گئیں تاہم سالانہ بنیاد پر فروخت میں 23 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 14 فیصد کمی دیکھی گئی۔

ماہانہ رپورٹ کے مطابق مئی میں سوائے جیٹ فیول کے تمام اقسام کے ایندھن کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ آئل ریفائنریز کی پیداوار بھی 7 فیصد کم رہی۔

ماہرین کے مطابق عید تعطیلات کے دوران صنعتی اور لاجسٹک سرگرمیوں میں کمی بھی مجموعی طلب پر اثر انداز ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی فرنس آئل کی فروخت میں دیکھی گئی جو سالانہ بنیاد پر 64 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 79 فیصد کم ہو گئی، جبکہ فرنس آئل کی فروخت 80 ہزار ٹن سے کم ہو کر 29 ہزار ٹن رہ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آر ایل این جی اور ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھنے کے باعث فرنس آئل کی طلب میں نمایاں کمی آئی۔ڈیزل کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 4 لاکھ 55 ہزار ٹن تک محدود رہی، جبکہ پیٹرول کی فروخت بھی 12 فیصد کمی کے ساتھ 6 لاکھ 17 ہزار ٹن رہی۔

دوسری جانب مئی کے دوران طیاروں کے ایندھن (جیٹ فیول) کی فروخت میں 34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 58 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

کمپنیوں کی سطح پر بھی فروخت میں کمی دیکھی گئی جہاں پاکستان اسٹیٹ آئل کی فروخت میں 19 فیصد، اٹک پیٹرولیم میں 30 فیصد، وافی انرجی میں 16 فیصد اور ہیسکول پیٹرولیم کی فروخت میں 37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US