پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ کے معروف اور جذباتی سپورٹر چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چاچا کرکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دیا ہے جس کے بعد ان کے طویل عرصے پر محیط اسٹیڈیم میں موجودگی اور ٹیم کے لیے حمایت کے سفر کا ایک دور ختم ہو رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چاچا کرکٹ کئی دہائیوں سے اسٹیڈیمز میں موجود رہ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرتے رہے ہیں۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ وہ ایک عام فین سے بڑھ کر ہیں جنہوں نے ہمیشہ قومی ٹیم کے لیے محبت، جوش اور جذبہ دکھایا۔
بورڈ کی جانب سے انہیں زندگی بھر کی محبت، یادوں اور جوش و جذبے پر شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی آج دوسرے ون ڈے میچ کے دوران چاچا کرکٹ کو خصوصی اعزاز سے نوازے گا۔ اس موقع پر انہیں مہمانِ خصوصی بنایا جائے گا اور ان کے اعزاز میں کیک بھی کاٹا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ میچ کی اختتامی تقریب میں بھی چاچا کرکٹ کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جہاں ان کی خدمات اور کرکٹ سے وابستگی کو سراہا جائے گا۔