افغانستان اپنی آئندہ کرکٹ سیریز کی میزبانی بھارتی دارالحکومت دہلی میں کرے گا جہاں ستمبر میں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی میں ہونے والی 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 13، 16 اور 19 ستمبر کو کھیلی جائے گی۔
اس کے علاوہ افغانستان کی ٹیم رواں ماہ ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کے لیے بھی بھارت کا دورہ کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل جوابی سیریز کے لیے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا سے رابطہ کیا تھا اور دونوں بورڈز کے درمیان باہمی تعلقات کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیریز کے انتظامات پر دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ ماضی میں بھی اپنی ہوم سیریز بھارت اور متحدہ عرب امارات میں کھیلتا رہا ہے جبکہ بھارت میں افغانستان نے مختلف ٹیموں بشمول آئرلینڈ، بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کی میزبانی بھی کی ہے۔