پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے جہاں مئی 2026 کے دوران 3,161 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 297,239 تک پہنچ گئی۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق رجسٹر ہونے والی 99.9 فیصد کمپنیوں نے آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جو ڈیجیٹل نظام پر کاروباری برادری کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 1,643 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ اسلام آباد میں 596، سندھ میں 479، خیبر پختونخوا میں 260، گلگت بلتستان میں 112 اور بلوچستان میں 71 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔
شعبہ وار جائزے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس سب سے آگے رہے جہاں 598 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ٹریڈنگ کے شعبے میں 503، سروسز میں 404، جبکہ رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں 303 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔ سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی 206 نئی کمپنیوں کا اندراج ریکارڈ کیا گیا۔
ایس ای سی پی کے مطابق 17 مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں نئی کمپنیاں رجسٹر کروائیں۔ چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نمایاں رہی، جہاں 89 چینی شیئر ہولڈرز نے مختلف کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے رجسٹرڈ کمپنیوں کا ادا شدہ سرمایہ 139.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔