سرمایہ کاروں کے محتاط رویے، ایران امریکا ڈیل اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا، جہاں انڈیکس ابتدائی طور پر 500 پوائنٹس گرگیا۔
دوران ٹریڈنگ مارکیٹ شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہی اور ایک وقت میں انڈیکس میں 1,000 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ بھی دیکھی گئی، جس کے باعث مارکیٹ 170,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے چلی گئی۔
تاہم، گراوٹ کے بعد مارکیٹ میں مخصوص شیئرز میں خریداری کی لہر دیکھی گئی جس سے انڈیکس کو سنبھلنے میں مدد ملی اور مارکیٹ نے اپنی کھوئی ہوئی حد دوبارہ بحال کرلی۔
بروکرز کے مطابق سرمایہ کار اس وقت بجٹ اور عالمی سیاسی صورتحال کے پیش نظر محتاط ہیں اور سائیڈ لائن رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس ریکوری کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس مجموعی طور پر 274 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 170,747 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔